وزیراعظم کی وزارتوں کو قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وزارتوں کو متعلقہ اعداد و شمار قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت وفاقی وزارتوں میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کے نفاذ سے متعلق اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مرکزی ڈیٹا سینٹر حکومتی خدمات اور شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کا مقصد شہریوں کو مؤثر اور آسان خدمات فراہم کرنا ہے۔ تمام شعبوں اور حکومتی اداروں کا ڈیٹا ایک جگہ دستیاب ہونے سے معاشی ترقی اور بہتر فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایندھن سبسڈی اسکیم پر کامیاب عمل درآمد میں مختلف اداروں کی مشترکہ کوششوں نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ وزارتوں کی ڈیجیٹائزیشن بدعنوانی اور ادارہ جاتی بدنظمی کی روک تھام میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے قومی سطح پر یکساں طبی ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے وزارتِ صحت کے اقدامات کو سراہا اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیو آر کوڈ کے نفاذ کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

