پنجاب میں 33 موبائل پولیس اسٹیشن فعال ہوں گے، مریم نواز نے منصوبے کا آغاز کردیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی سے لیس موبائل پولیس اسٹیشن وین کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 33 موبائل پولیس اسٹیشن فعال کیے جائیں گے، جن میں 6 خواتین سے متعلق امور کے لیے مخصوص ہوں گے۔
حکام کے مطابق موبائل پولیس اسٹیشنز یونیورسٹیوں اور گرلز کالجز میں شیڈول کے مطابق جائیں گے، جبکہ 15 پر موصول ہونے والی کالز کے ڈیٹا کی بنیاد پر وینز کو مختلف علاقوں میں بھیجا جائے گا۔
موبائل پولیس اسٹیشن میں پولیس سے متعلق 14 مختلف خدمات فراہم کی جائیں گی، جن میں ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست، گمشدگی کی رپورٹ، کریمنل ریکارڈ چیکنگ، کرایہ داروں کا اندراج اور آن لائن ای ٹیگنگ شامل ہیں۔
شہریوں کو پولیس اور کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق، گھریلو و دکانوں کے ملازمین کا اندراج، لرنر اور ڈرائیونگ لائسنس، لائسنس کی تجدید، ڈپلیکیٹ اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ موبائل پولیس اسٹیشن کا مقصد پولیسنگ کی خدمات عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہے، جس سے شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات کی بچت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پنک موبائل پولیس اسٹیشنز میں خواتین کے لیے مخصوص عملہ تعینات ہوگا، جہاں ہراسانی، تشدد اور خواتین و بچوں سے متعلق حساس شکایات کے لیے لیڈیز اسٹاف دستیاب ہوگا۔

