- لکی مروت میں گنڈی چوک پر پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق مشکوک موٹر کار میں سوار دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس پر پولیس اہلکاروں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی، مقابلے کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک زخمی ساتھی فرار ہوگیا۔
کارروائی کے بعد دہشت گردوں کی گاڑی سے اسلحہ، تحریک طالبان کا جھنڈا، خواتین کے برقعے اور دیگر مشکوک اشیاء برآمد کی گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ممکنہ طور پر علاقے میں بڑی تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم برآمد ہونے والی اشیاء اور دہشت گردوں کے ممکنہ عزائم کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، ہلاک ہونے والے خوارج کی نعشیں تحویل میں لے کر شناخت کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے لکی مروت پولیس کی بروقت اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو شاباش دی اور کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے سرگرم پولیس اہلکار قوم کے ہیروز ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے عزم ظاہر کیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پولیس کی جدوجہد جاری رہے گی۔

