ضمانتی مچلکے ضبط کرنے سے پہلے ضامن کو شوکاز نوٹس دینا لازم
لاہور ہائیکورٹ نے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے سے متعلق اہم قانونی اصول طے کر دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ مچلکے ضبط کرنے سے پہلے ضامن کو شوکاز نوٹس جاری کرنا ضروری ہے۔ضامن کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور وضاحت کا مکمل موقع بھی دینا ہوگا۔دو رکنی بینچ نے محمد اختر کی درخواست پر 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔درخواست گزار نے احتساب عدالت کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔احتساب عدالت نے ملزم کی عدم حاضری پر ایک لاکھ روپے کے مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کا مذکورہ حکم کالعدم قرار دے دیا۔عدالت نے کہا کہ صرف ملزم کی غیرحاضری کی بنیاد پر ضامن کی رقم ضبط نہیں کی جا سکتی۔ضامن کو عدم حاضری کی وجہ بیان کرنے کا مناسب موقع فراہم کرنا لازم ہے۔عدالت کے مطابق قانونی تقاضے پورے کیے بغیر مچلکے ضبط کرنا منصفانہ ٹرائل کے اصولوں کے منافی ہے۔


