بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع سوراب میں مال مدرسہ کے قریب کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے میر علی اور گردونواح میں دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کیے، جبکہ میر علی بازار کے قریب راشن سے بھرے ٹرک کو روکنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔


