- وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی اب تک کی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے نتیجے میں رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مستحق شہریوں کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگی۔
انہوں نے سکیم کے حوالے سے مانیٹرنگ اور کارگر ڈیش بورڈ ترتیب دینے پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ضرار حاشم خان اور ان کی ٹیم کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے پٹرولیم سبسڈی سکیم کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی، سبسڈی سکیم کے تحت اب تک 15,519,282 شہری رجسٹر ہو چکے ہیں، جن میں سے 15.06 ملین موٹر بائیکس اور 449 ہزار 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان ہیں۔
سبسڈی سکیم کے تحت اب تک 63٫153,685 ٹوکن جاری ہوئے جن میں سے 59,445,347 ٹوکنز کو استعمال / ریڈییم کیا گیا، فیول سبسڈی سکیم کے تحت 4 نومبر، 2026 تک 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کے حوالے کی معلومات اور شکایات کے ازالے کے لئے صارفین اور پیٹرول پمپس کے لئے الگ الگ کال سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

