ٹرمپ کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول اور ایران جنگ جلد ختم ہونے کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور ایران کے خلاف جاری جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔
ایریزونا کے شہر بُل ہیڈ سٹی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران اپنی بحریہ، فضائیہ، ریڈار نظام اور فضائی دفاعی صلاحیتوں سے محروم ہو چکا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق ایرانی قیادت کی پہلی اور دوسری سطح کے رہنما ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ تیسری سطح کی قیادت میں سے بھی نصف مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بعض افراد نے مزید حملے نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔
امریکی صدر نے تسلیم کیا کہ ایران کے ساتھ فوجی تنازع کے باعث مذاکرات پیچیدہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے نتیجے میں پٹرول کی قیمتوں میں توقع سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، تاہم جنگ ختم ہوتے ہی قیمتیں تیزی سے نیچے آ جائیں گی۔

