کوٹلی میں احتجاج کی آڑ میں امن و امان خراب کرنے کا منصوبہ ناکام بنانے کا پولیس کا دعویٰ
آزاد جموں و کشمیر پولیس کے کوٹلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض شرپسند عناصر نے احتجاج کی آڑ میں شہر کا امن و امان خراب کرنے اور معمولات زندگی متاثر کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق مختلف اضلاع میں اس مقصد کے لیے اجلاس کیے گئے، جبکہ کوٹلی میں ہونے والے ایک اجلاس میں اسلحہ، ٹرانسپورٹ اور مقامی سہولت کار فراہم کرنے کے انتظامات کیے گئے۔
نیوز کانفرنس میں پولیس نے بتایا کہ 8 مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے پستول سمیت دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق کالا ڈب کے مقام پر کارروائی کے دوران ایک پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہوا، جسے علاج کے لیے راولپنڈی منتقل کیا گیا، جبکہ چوکی افسر نعیم بھی زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے سڑک کھلوائی اور صورتحال پر قابو پالیا۔ گرفتار افراد سے تفتیش کے دوران مزید معلومات سامنے آئی ہیں، جن کی بنیاد پر آئندہ کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق مبینہ منصوبے کا اگلا ہدف کوٹلی شہر تھا، تاہم حساس معلومات تفتیش مکمل ہونے تک ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔ حکام نے کہا کہ امن و امان خراب کرنے کی کوششوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

