ریاض اور خمیس مشیط پر حوثیوں کے میزائل حملے ناکام بنانے کا دعویٰ
سعودی حکام کے مطابق ریاض اور خمیس مشیط کی جانب داغے گئے حوثیوں کے بیلسٹک میزائلوں کو فضاء میں ہی تباہ کر دیا گیا، حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا کہ اتحادی افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور حوثیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق بحری افواج نے الحدیدہ گورنریٹ میں بھی آبی گزرگاہوں پر حملوں کی منصوبہ بندی ناکام بنائی۔
دوسری جانب، فراہم کردہ معلومات کے مطابق صعدہ میں حوثیوں کے میزائل ڈپو کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ یمنی فورسز کی پیش قدمی جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق ذباب بندرگاہ، ایئرپورٹ اور المخا شہر پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے، جبکہ تعز میں 250 سے زائد حوثیوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

