خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ہر قیمت پر روکنا ہوگی: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، جبکہ حکومت کی خواہش ہے کہ صوبے میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کا عمل جاری رہے۔
وزیراعظم سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امیر مقام نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور اور پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی، جبکہ وزیراعظم نے دونوں علاقوں کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور صوبے کی ترقی و عوام کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

