خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
دوسری جانب بلوچستان کے گورندر اور ماشکیل کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق ماشکیل میں دہشت گردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ 3 اور عزمِ استحکام وژن کے تحت کی گئیں۔

