دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ
دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 میں پائلٹس کے درمیان مبینہ جھگڑے کے بعد طیارے نے سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کی۔
فلائٹ ٹریکنگ کے مطابق پرواز نے پہلے 7700 ہنگامی کوڈ اور مختصر وقت کے لیے 7500 ہائی جیکنگ کوڈ بھی جاری کیا۔ بعد ازاں طیارے کا رخ اردن کی فضائی حدود سے سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سعودی فوجی طیاروں نے مسافر طیارے کو گھیرے میں لیا، جس کے بعد اسے تبوک ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ طیارے میں 150 سے زائد اسرائیلی مسافر سوار تھے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان نے واقعے کو ہائی جیکنگ قرار دینے کی تردید کی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ابتدائی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ ہنگامی سگنل کاک پٹ میں پائلٹس کے درمیان جھگڑے کے دوران فعال ہوا۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ہنگامی کوڈ کے فعال ہونے اور طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑے جانے کی وجوہات واضح کی جا سکیں۔

