امریکا کی ایران اور روس کے 3 اداروں پر نئی پابندیاں
امریکا نے ایران کو ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی مبینہ ترسیل روکنے کی کوششوں کے تحت ایران کے ایک اور روس کے دو اداروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکی محکمۂ خزانہ کے مطابق پابندیوں کی زد میں ایرانی ساہا ایئرلائنز، روسی طیارہ ساز کمپنی یاکوولیو اور روسی شپنگ کمپنی ایم جی فلوٹ شامل ہیں۔
امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ یاکوولیو نے ایران کو یاک-130 جنگی تربیتی طیارے اور متعلقہ سامان فراہم کیا، جبکہ ایم جی فلوٹ سے منسلک بحری جہاز ایران سے روس کو بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی میں ملوث رہے۔
امریکی محکمۂ خزانہ کے مطابق ساہا ایئرلائنز ایران کے لیے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی منتقلی میں ملوث رہی ہے۔
امریکا کا کہنا ہے کہ نئی پابندیاں ایران کے ہتھیاروں کی ترسیل کے نیٹ ورک کو محدود کرنے اور متعلقہ اداروں پر مالی و تجارتی دباؤ بڑھانے کے لیے عائد کی گئی ہیں۔


