وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، خلیج کا بحران ہمارے لیے مشکل مرحلہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کاروباری وفود کی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف سے نیویارک میں امریکی کاروباری وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، فنانس، مشروبات، مینوفیکچرنگ، ادویات اور آرگینک مصنوعات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات شریک تھیں۔
وزیراعظم نے وفود کو پاکستان کی کاروبار اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور مختلف شعبوں کی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکا بزنس کونسل اور بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
وزیراعظم: پاکستان کی معیشت مستحکم، ترقی کی جانب گامزن ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہو رہی ہے اور ترقی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ خلیج کا بحران پاکستان کے لیے ایک مشکل وقت میں آیا، تاہم پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوست اور برادر ممالک کے تعاون سے خطے میں طویل مدتی امن کے قیام کی امید ہے، جو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان میں ساختی اور پالیسی سطح کی اصلاحات جاری ہیں، جبکہ معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے، ٹیکنالوجی کے فروغ اور ای گورننس پر بھی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور جدید مشینری کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم: پاکستان میں زراعت، معدنیات اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید زرعی آلات کے استعمال سے اخراجات کم اور کارکردگی بہتر کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کان کنی اور معدنیات کا شعبہ بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اہم ہے، کیونکہ ملک معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں پیشہ ورانہ تربیت اور مختلف ہنر فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ روزگار حاصل کرکے خودمختار بن سکیں۔ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کا فروغ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بندرگاہوں اور جہاز رانی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری بھی سرمایہ کاری کا ایک اہم شعبہ ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری ہو چکی ہے اور نئے پاکستانی مالکان ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

