سندھ حکومت کا فیک نیوز کی روک تھام کے لیے این سی سی آئی اے سے مدد لینے کا فیصلہ
سندھ حکومت نے فیک نیوز اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) سے معاونت لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات اور تمام ڈائریکٹرز کو فیک نیوز کی روزانہ مانیٹرنگ اور مؤثر میڈیا حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے کسی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ فیک نیوز کی نشاندہی، تصدیق اور بروقت تدارک کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فیک نیوز بنانے اور پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے NCCIA سے معاونت حاصل کی جائے گی، جبکہ محکمہ اطلاعات اور این سی سی آئی اے کے درمیان تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔
سینیئر وزیر نے محکمہ اطلاعات کو سندھ حکومت کے امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے بیانیے کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی بھی ہدایت کی۔

