لاہور چیمبر ایسوسی ایٹ کلاس کے الیکشن میں ویژن الائنس کی تاریخی فتح ہو گئی، ویژن الائنس نے ایسوسی ایٹ کلاس کی 15 کی 15 نشستیں جیت لیں
لاہور چیمبر انتخابات: ویژن الائنس نے ایسوسی ایٹ کلاس میں کلین سویپ کرلیا
ویژن الائنس نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کرلی۔ ایسوسی ایٹ کلاس کے انتخابات میں ویژن الائنس نے 4523 پینل ووٹس حاصل کرکے تمام نشستیں جیت لیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ایسوسی ایٹ کلاس کے مجموعی 19,087 ووٹس میں سے 9,728 ووٹس کاسٹ ہوئے۔ پی پی بی اے الائنس نے 3,470 پینل ووٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ پیاف میاں شفقت گروپ کو 39 پینل ووٹس ملے۔ 310 ووٹس منسوخ ہوئے جبکہ 1,386 ووٹس سپلٹ قرار پائے۔
اس سے ایک روز قبل کارپوریٹ کلاس کے انتخابات میں بھی ویژن الائنس نے 15 میں سے 13 نشستیں جیتی تھیں، جبکہ پی پی بی اے الائنس کے دو امیدوار کامیاب ہوئے۔
ویژن الائنس کے رہنما خواجہ شاہ زیب اکرم نے کامیابی پر لاہور کی کاروباری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تاجروں سے کیے گئے وعدے پورے کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
نومنتخب صدر علی حسام اصغر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر یکم اکتوبر سے اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ویژن الائنس کے رہنما علی حسام اصغر اور دیگر نومنتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ لاہور چیمبر کے عہدیداران صنعت و تجارت کے فروغ میں حکومت پنجاب کے ساتھ تعاون کریں گے۔

