صدر زرداری کا شہریوں کے حقِ معلومات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ
صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ معلومات تک رسائی کے موقع پر شہریوں کے حقِ معلومات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں شہری اس وقت مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں جب انہیں بروقت، معتبر اور قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی حاصل ہو۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 19-اے شہریوں کو عوامی اہمیت کے معاملات میں معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے، جبکہ رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 وفاقی سطح پر قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے دور میں چیلنج صرف معلومات کی دستیابی نہیں بلکہ درست اور جعلی معلومات میں فرق کرنا بھی ہے۔
آصف علی زرداری نے سرکاری اداروں میں شفافیت، جوابدہی اور ذمہ دارانہ ابلاغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غلط معلومات کے تدارک کی کوششیں آزاد صحافت، تنقید اور عوامی بحث کو محدود کرنے کا ذریعہ نہیں بننی چاہئیں۔

