گورنر خیبرپختونخوا کا پولیس کی تنخواہوں، شہداء پیکج اور مراعات میں اضافے کا اعلان
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس کی تنخواہوں، شہداء پیکج اور مختلف مراعات میں اضافے کا اعلان کر دیا۔
گورنر ہاؤس پشاور میں پولیس شہداء کے ورثاء میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 54 پولیس شہداء کے اہلخانہ کو پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز دیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر ہونی چاہئیں۔ پولیس میں نفری کی کمی دور کرنے کے لیے خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل بھی تیز کیا جائے گا۔
انہوں نے دہشت گردی میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کے لیے خصوصی مالی معاونت پیکج اور شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے لیے خصوصی گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔
تقریب میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، چیف سیکرٹری، پولیس افسران، ایڈوائزری کونسل کے اراکین اور شہداء کے ورثاء نے شرکت کی۔

