ٹرمپ کا روس اور چین کی جانب سے ایران کی مدد کے دعوؤں پر اظہارِ عدم یقین
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان اطلاعات پر عدم یقین کا اظہار کیا ہے کہ روس اور چین ایران کو بڑے پیمانے پر مدد فراہم کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بعض ناقدین دعویٰ کر رہے ہیں کہ چین اور روس ایران کی مدد کر رہے ہیں، تاہم انہیں یقین نہیں کہ دونوں ممالک ایسا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اگر کوئی مدد فراہم کی بھی جا رہی ہے تو وہ محدود سطح پر ہو سکتی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس اور چین کے پاس اس معاملے میں کھونے کے لیے بہت کچھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ماسکو یا بیجنگ ایران کی مدد کر رہے ہوتے تو واشنگٹن کو اس کا جلد علم ہو جاتا۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر روس اور چین ایران کے ساتھ جاری تنازع میں مداخلت کرتے ہیں تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ انہیں توقع ہے کہ روس اور چین ایران کے ساتھ جاری جنگ میں تہران کی مدد نہیں کریں گے، جبکہ انہوں نے دونوں ممالک کو تنازع میں مداخلت کے ممکنہ نتائج سے خبردار بھی کیا تھا۔

