بامقصد مذاکرات کے لیے اب بھی تیار ہیں، مولانا فضل الرحمان سے مثبت کردار کی امید ہے: بیرسٹر گوہر
چارسدہ: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اب بھی بامقصد مذاکرات کے لیے تیار ہے اور امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان مذاکرات میں مثبت کردار ادا کریں گے۔
چارسدہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن اتحاد میں شامل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پی ٹی آئی ریاست کے ساتھ کھڑی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنا مسائل کا حل نہیں۔ سہیل آفریدی نے کبھی دہشت گردوں کی حمایت میں بیان نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی گاڑیاں کچے میں پھنسی ہوئی ہیں، اس لیے انا کو ختم کرکے مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی اب بھی بامقصد مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

