سلمان اکرم راجہ کا اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان، پنجاب سے لانگ مارچ میں بڑی شرکت کا دعویٰ
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ وہ ہر مصیبت برداشت کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن اپنے اصولوں سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
لاہور ہائیکورٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بے گناہ افراد کو بے گھر نہیں ہونے دیں گے اور ایسا کوئی معاہدہ نہیں کریں گے جو اصولوں کے خلاف ہو۔ عوام کی جانیں ان کے لیے مقدم ہیں، اس لیے وہ ایسے کسی لائحہ عمل کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے بے گناہوں کا خون بہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے ان پر بہت سی ذمہ داریاں ہیں اور وہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے مقدمات کو بھی دیکھ رہے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا کہ پنجاب سے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت ہوگی اور بڑی تعداد میں قافلے شامل ہوں گے۔
انہوں نے پشاور میں متعدد کارکنوں کے مبینہ اغوا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں فسطائیت کا راج ہے اور متعلقہ حکام کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔

