محسن نقوی کی انتونیو گوتریس سے ملاقات، دہشتگردی اور امن مشنز پر گفتگو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی۔
ملاقات میں عالمی و علاقائی صورتحال، دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور اقوام متحدہ کے امن مشنز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق افغانستان میں اس وقت 25 دہشتگرد تنظیمیں سرگرم ہیں، جو عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے عالمی برادری کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔ پاکستانی پولیس افسران اور اہلکار بھی اقوام متحدہ پولیس میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ پاکستان امن مشنز میں 181 جانوں کی قربانی دے چکا ہے۔
انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
محسن نقوی نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی امداد پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ بھی ادا کیا۔

