کیمرون گرین پیٹ کی تکلیف کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر
آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین پیٹ کی تکلیف کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف ڈربن میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے۔
آسٹریلوی ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ گرین سیریز کے اگلے میچز میں بطور بلے باز واپس آ سکتے ہیں، تاہم ان کے بولنگ کرنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
کیمرون گرین کو پوچفسٹروم میں آخری ون ڈے میچ کے دوران انجری ہوئی تھی۔ انہیں کوربن بوش کی گیند پیٹ پر لگی، جس کے بعد انہوں نے چھکا بھی لگایا لیکن جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میک ڈونلڈ کے مطابق کیمرون گرین کی بحالی کا عمل مثبت انداز میں جاری ہے، تاہم ٹیم ان کی واپسی میں کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔
ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ گرین کی واپسی کی صورت میں فی الحال ان کی توجہ صرف بیٹنگ پر ہوگی۔
کیمرون گرین کی عدم دستیابی آسٹریلیا کے لیے اہم نقصان ہے کیونکہ وہ حالیہ عرصے میں اچھی فارم میں تھے۔

