سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد این-40 شاہراہ پر آتشزدگی اور تخریبی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔ ذرائع کے مطابق 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی کارروائیوں میں 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔
سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

