جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کا اعلان
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں کو طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کروا رہی ہے، جس سے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے چند فیصد صارفین کے خلاف کارروائی کی جائے، پوری آبادی کی بجلی بند کرنا مناسب نہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے بچے، بزرگ اور خواتین سب متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق کراچی میں 25 سے زائد مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے اور حکومت سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
انہوں نے آئی پی پیز کے حوالے سے بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بجلی پیدا نہ کرنے کے باوجود بعض آئی پی پیز کو ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔

