ریاض ایئرپورٹ پر میزائل حملے کے بعد سعودی طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، پروازوں کا نظام متاثر
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میزائل حملے کے بعد سعودی ایئرلائن کے ایک طیارے میں آگ لگ گئی، جس سے طیارے کو شدید نقصان پہنچا۔
خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق واقعے کے وقت طیارہ ایئرپورٹ پر کھڑا تھا اور اس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا۔ حکام کی جانب سے فوری طور پر جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔
حوثی ملیشیا نے ریاض ایئرپورٹ اور سعودی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے مزید حملوں کی دھمکی بھی دی ہے۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ریاض کی جانب آنے والے بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حملے کے بعد ایئرپورٹ پر پروازوں کا نظام بھی متاثر ہوا۔
رپورٹس کے مطابق میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک اسکول اور میڈیکل کمپلیکس کو نقصان پہنچا، تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ خمیس مشیط میں بھی اتحادی افواج نے دو بیلسٹک میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ریاض اور ابہا ایئرپورٹس پر گزشتہ روز ہونے والے حملوں میں تین افراد جاں بحق اور ایک پاکستانی سمیت 28 افراد زخمی ہوئے۔

