نوواک جوکووچ نے چین اوپن کا ٹائٹل جیت لیا، کیریئر کی 102ویں ٹرافی حاصل کرلی
سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے چین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرتے ہوئے اپنے شاندار کیریئر کی 102ویں سنگلز ٹرافی حاصل کرلی۔
بیجنگ میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا کے ایلکس ڈی میناؤر انجری کے باعث مقابلہ مکمل نہ کرسکے۔ جوکووچ نے پہلا سیٹ ٹائی بریک پر 7-6 سے جیتا۔
دوسرے سیٹ کے آغاز میں ڈی میناؤر نے ایک گیم جیتی، تاہم بائیں ران میں تکلیف کے باعث انہوں نے میچ سے دستبرداری اختیار کرلی۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیٹ کے بعد میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لیا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ جوکووچ نے مسلسل 21ویں سال کم از کم ایک سنگلز ٹائٹل جیتنے کا اعزاز برقرار رکھا۔
جوکووچ سے زیادہ سنگلز ٹائٹلز صرف جمی کونرز نے 109 اور راجر فیڈرر نے 103 جیتے ہیں۔ چین اوپن میں یہ جوکووچ کی 34ویں مسلسل فتح اور ساتویں ٹرافی ہے۔
جوکووچ نے کہا کہ رواں سال جسمانی مسائل کے باعث ان کے لیے مشکل رہا، تاہم بیجنگ میں کامیابی سے ثابت ہوا کہ وہ اب بھی عالمی سطح کے بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
چین اوپن کی فتح کے بعد نوواک جوکووچ دوبارہ عالمی ٹاپ 10 میں شامل ہوجائیں گے۔

