خلیجی ممالک میں کشیدگی، پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن متاثر
خلیجی ممالک میں کشیدگی کے باعث پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن ایک بار پھر متاثر ہوگیا، جس کے باعث درجنوں پروازیں منسوخ جبکہ متعدد تاخیر کا شکار ہیں۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے دیگر ایئرپورٹس سے سعودی عرب، بحرین، دبئی اور دیگر ممالک جانے والی پروازیں منسوخ اور کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے جدہ اور ریاض جانے والی 7 سے زائد پروازوں کو سعودی عرب کے دیگر ایئرپورٹس پر لینڈ کرایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ سے 21 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ متعدد پروازیں 3 سے 10 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں۔
پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز سے متعلق تازہ معلومات ضرور حاصل کریں۔

