مریم نواز سے عمانی وزیر کی ملاقات، ہاؤسنگ اور اربن پلاننگ میں تعاون پر گفتگو
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عمان کے وزیر برائے ہاؤسنگ و اربن پلاننگ ڈاکٹر خلفان بن سعید بن مبارک الشویلی نے ملاقات کی، جس میں ہاؤسنگ اور اربن پلاننگ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمانی وزیر نے مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی اور پنجاب کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
مریم نواز نے عمانی وفد کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘، ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ اور ’’اپنی چھت، محفوظ چھت‘‘ منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق صرف 18 ماہ میں ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت گھر بنانے کے لیے 2 لاکھ سے زائد افراد کو قرضے جاری کیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 260 ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری ہو چکے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ منصوبے کے تحت سوا لاکھ سے زائد خاندان اپنے گھروں میں منتقل ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق پروگرام میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کا ہدف کم آمدن والے افراد کے لیے 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانا ہے، جبکہ طویل مدت میں 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ارادہ ہے۔
عمانی وزیر نے کہا کہ عمان میں پاکستانی کمیونٹی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمان میں ہاؤسنگ لون کے مختلف ماڈلز موجود ہیں اور کم آمدن والے افراد کو ہاؤسنگ گرانٹ بھی دی جاتی ہے۔
ڈاکٹر خلفان نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے باعث قابلِ توجہ قرار دیا۔ ملاقات میں عمان کی اربن پلاننگ، سمارٹ ہاؤسنگ اور پائیدار شہری ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمانی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستانی کمپنیاں مسقط کی رئیل اسٹیٹ انڈسٹری میں بھی قابلِ قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

