معاشی استحکام اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے: محمد اورنگزیب
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے ساتھ برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ معاشی استحکام اور مالیاتی نظم و ضبط پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
نیشنل ایس ڈی جیز انویسٹمنٹ فیئر سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں حکومت کا کردار اہم ہے۔ ملک کو ایسی معاشی ترقی کی ضرورت ہے جو ذمہ دارانہ اور پائیدار ہو۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کے لیے معاشی پالیسی کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ مقامی سرمایہ کار فعال ہوں گے تو بیرونی سرمایہ کاری بھی بڑھے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کاروباری گروپس کنسورشیم بنا کر مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ تین ماہ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 5 آئی پی اوز ہوئے، جبکہ گزشتہ مالی سال 11 آئی پی اوز ہوئے جو 20 سال کی بلند ترین سطح ہے۔
محمد اورنگزیب نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی نقصانات کے فنڈ سے پاکستان کو مطلوبہ مدد نہیں مل رہی، اس لیے عالمی فنڈز سے مزید تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی منصوبوں میں خطرات کی نشاندہی اور نگرانی ضروری ہے، جبکہ عالمی معیار کے منصوبے بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔

